کیا ہو اگر ہمارا سورج غائب ہو جائے ؟
کیا ہو اگر ہمارا سورج غائب ہو جائے؟
تحریر : رمزہ خالق
اس کائنات میں معلومات کی ترسیل کی ایک حد رفتار ہے جسے حرفِ عام میں روشنی کی رفتار کہا جاتا ہے۔ یہ رفتار تقریباً تین لاکھ کلومیٹر فی سیکنڈ ہے۔ جسے c سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ لیکن اگر معلومات کی ترسیل کی یہ رفتار فکس نہ ہوتی تو کیا ہوتا؟ ہو سکتا تھا کہ دور کسی سیارے کے تباہ ہونے کی خبر ہم تک پہلے پہنچتی اور پیدا ہونے کی بعد میں۔ اس لیے معلومات کی ترسیل کی ایک حد رفتار ہوتی ہے۔ جس سے ہم ستارے کے بننے سے اس کے مرحلہ وار انجام کا علم اسی ترتیب سے حاصل کرتے جس ترتیب سے وہ واقعات وقوع پزیر ہوتے ہیں۔ روشنی کی رفتار پر نہ صرف فوٹانز ہی سفر کرتے، جو روشنی کے چھوٹے پیکٹس اور ماس لیس پارٹیکلز ہوتے ہیں بلکہ ممکنہ طور پر سٹرانگ نیوکلئیر فورس کے فورس کیریئرز ماس لیس گلوآنز اور گریویٹیشنل ویوز بھی اسی رفتار پر سفر کرتی ہیں۔
اگر ہمارا سورج اچانک کہیں غائب ہو جائے تو سورج کے غائب ہونے کا علم سب سے پہلے سورج کے قریب ترین سیارہ عطارد کو ہو گا۔ پھر اس کے بعد بالترتیب زہرہ، زمین، مریخ، مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون کو پتہ چلے گا کہ سورج غائب ہو گیا ہے۔ جب سورج غائب ہو گا تو اُس وقت سورج سے نکلنے والے فوٹانز تین لاکھ کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے چلتے ہوئے آٹھ منٹ اکیس سیکنڈ بعد ہم تک پہنچیں گے۔ سورج غائب ہونے کے آٹھ منٹ اکیس سیکنڈ بعد پوری زمین اندھیرے میں ڈوب جائے گی۔ وہ پرندے جو سورج کی وجہ سے اپنا راستہ تلاش کرتے تھے، بھٹک جائیں گے۔ سورج کی روشنی کی غیر موجودگی میں پودوں میں فوٹو سینتھسیزز کا عمل رُک جائے گا۔ سورج کی گریویٹشنل ویوز بھی سورج کے غائب ہونے کے بعد آٹھ منٹ اکیس سیکنڈ تک زمین محسوس کر پائے گی اس کے بعد زمین سورج کے گرد اپنے کروی مدار پر ٹینجنٹ بناتے ہوئے ایک انجان راستہ پر خطِ مستقیم میں سفر شروع کر دے گی۔ جس طرح ایک رسی سے بندھے پتھر کو گھماتے ہوئے رسی ٹوٹنے پر یا رسی چھوڑنے پر پتھر اپنے دائروی مدار پر ٹینجنٹ بناتے ہوئے ایک سیدھے راستے پر حرکت کرنے لگتا ہے۔
زمین کی سورج سے جذب شدہ حرارت کی وجہ سے ہم پُرسکون رہیں گے۔ مگر یہ حالت ہمیشہ ایسی ہی نہیں رہے گی۔ حرارت کا ذریعہ سورج نہ ہونے کی وجہ سے زمین آہستہ آہستہ ٹھنڈی ہوتی جائے گی۔ سمندر، گلیشیئرز، جھیل سب برف میں تبدیل ہونا شروع ہو جائیں گی۔ پارہ مسلسل گرتا جائے گا۔ لوگ زمین کھود کر اس کی گرم تہہ میں پناہ تلاش کرنے لگیں گے۔ مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ طریقہ بھی کام نہیں کرے گا اور آخر کار انسان، حیوان، چرند، پرند کسی کا بھی نام و نشان باقی نہیں رہے گا۔
Comments
Post a Comment